جیکب لائن سے فتنہ الخوارج کا مبینہ دہشتگرد شہزاد عرف ڈنگر گرفتار
2025 میں منصور کی مبینہ ترغیب پر گروہ میں شامل ہوا تھا۔ اسے کراچی سے تنظیم کے لیے مالی وسائل جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
کراچی کے علاقے جیکب لائن، جمشید ٹاؤن میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد عرف ڈنگر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
تفتیش کے دوران حکام کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ 2025 میں منصور کی مبینہ ترغیب پر گروہ میں شامل ہوا تھا۔ اسے کراچی سے تنظیم کے لیے مالی وسائل جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے منگھو پیر میں مختلف افراد سے رابطے کرکے مبینہ طور پر ماہانہ بنیادوں پر رقوم جمع کیں، جو بعد ازاں مخصوص اکاؤنٹس کے ذریعے وزیرستان منتقل کی جاتی رہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم مختلف اوقات میں وزیرستان جاکر گروپ کے سربراہ منصور سے ملاقاتیں بھی کرتا رہا۔ جون 2026 میں بیرمل کے علاقے میں ہونے والی مبینہ ملاقات کے دوران اسے کراچی میں دہشتگردی اور بھتہ خوری کے لیے نیٹ ورک مضبوط کرنے کی ہدایت دی گئی۔
حکام کے مطابق بعد میں ملزم کو اسلحہ اور بارودی مواد بھی فراہم کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی کراچی میں حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
تفتیشی اداروں نے گرفتار ملزم سے مزید معلومات حاصل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ اس کے دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں اور چھاپے جاری ہیں۔