پی ایس 30 خیرپور میں ضمنی انتخاب، پولنگ کا عمل جاری

الیکشن کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 54 ہزار 980 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

August 16, 2026 · قومی

خیرپور: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30 خیرپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر اسفند یار خان کھرل سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 54 ہزار 980 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق 64 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 2 ہزار 500 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر اسفند یار خان کھرل کے مقابلے میں 7 آزاد امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ پولنگ کے دوران ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں۔

پی ایس 30 خیرپور کی نشست پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی نعیم کھرل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر اب ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔