نواز شریف نے پیپلز پارٹی پر ہاتھ ہلکا رکھا۔مریم نے کسر پوری کر دی

اللہ نے ہمیں فتح دی ہے تو ہمیں انکسار سے بھی کام لینا ہوگا اور ہم ایسا ہی کریں گے۔مریم نواز

August 16, 2026 · قومی

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مری میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے تو پیپلز پارٹی پر ہاتھ ہلکا رکھا اور اس شکوے تک محدود رہے کہ انہیں پی پی کی جانب سے اس قسم کی تنقید کی توقع نہیں تھی، مگر دوسری طرف ان کی صاحبزادی اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں جہاں یہ جیت رہے تھے وہاں انہیں دھاندلی نظر نہیں آئی،مگر ازاد کشمیر میں جہاں ہمیں فتح ہوئی وہاں انہوں نے دھاندلی کا واویلا شروع کر دیا۔ہمیں لوگوں نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے۔ہمارے پاس لوگوں کو دکھانے کے لیے پنجاب موجود تھا جہاں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں، نہ ان کے صوبے میں سڑکیں ہیں نا ہسپتال ہیں۔پورا صوبہ گند سے اٹا پڑا ہے۔لوگ کس بنیاد پر ووٹ دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں فتح دی ہے تو ہمیں انکسار سے بھی کام لینا ہوگا اور ہم ایسا ہی کریں گے۔

مریم نواز پنجاب میں بڑے منصوبوں کے لیے سینئرافسران کا انتخاب کس طرح کرتی ہیں، یہ راز انہوں نے گزشتہ روز مری میں منعقدہ اجلاس کے بعد خطاب کے دوران بتا دیا۔
انہوں نے اجلاس میں موجود اپنے چچا وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آپ کا فٹ پرنٹ بہت نمایاں ہے۔میں جس افسر کا انٹرویو کرتی ہوں اگر وہ بتائے کہ میں نے تین سال شہباز شریف کے ساتھ کام کیا ہے تو اس کا انتخاب خود بخود ہو جاتا ہے۔