بجلی کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف لیسکو کا کریک ڈاؤن شروع

ایسے صارفین اور عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جہاں بجلی کے پرانے واجبات طویل عرصے سے ادا نہیں کیے گئے۔

August 16, 2026 · قومی

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے واجبات کی وصولی کے لیے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے صارفین اور عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جہاں بجلی کے پرانے واجبات طویل عرصے سے ادا نہیں کیے گئے۔ لیسکو نے ایسی عمارتوں کے تمام بجلی کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

حکام کے مطابق بعض صارفین نے سابقہ بجلی کے واجبات ادا کرنے کے بجائے نیا کنکشن حاصل کرکے بجلی کا استعمال جاری رکھا۔ اس صورتحال کے باعث پرانے واجبات کی وصولی لیسکو کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

لیسکو کی جانب سے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین سمیت تمام ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کا مقصد طویل عرصے سے زیر التوا بجلی کے بلوں کی وصولی یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واجبات کی وصولی کے لیے لیسکو کی قانونی ٹیموں کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ ایسے صارفین کے کیسز جو مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، ان کے فیصلوں کی روشنی میں واجبات کی وصولی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

لیسکو حکام کے مطابق بجلی کے واجبات کی وصولی کے لیے کارروائی مرحلہ وار جاری رکھی جائے گی اور نادہندگان سے بقایا رقم کی وصولی کے لیے قانونی و انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔