اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

موسلادھار بارش کے باعث گوالمنڈی پل کے قریب پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا، جبکہ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد کے علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

August 17, 2026 · قومی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ کئی مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

راولپنڈی میں بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی۔ گولڑہ میں 144 ملی میٹر، بوکرہ میں 132 ملی میٹر، پیرودھائی میں 105 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 77 ملی میٹر، کچہری میں 60 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

موسلادھار بارش کے باعث گوالمنڈی پل کے قریب پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا، جبکہ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد کے علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔