بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،2 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔

August 17, 2026 · قومی

 سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی زائیک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بسیمہ کیمپ سے تقریباً 12 کلومیٹر شمال میں کلی زائیک اور کاغلی کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم اور مبینہ طور پر آئی ای ڈی کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔