مظفرگڑھ کینال حادثہ، لاپتہ تین بچوں کی لاشیں بھی مل گئیں

ملنے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ یاسر، 9 سالہ شاکر اور 6 سالہ منیب کے نام سے ہوئی ہے۔

August 17, 2026 · قومی

پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا رکشہ گرنے کے حادثے کے بعد جاری امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاپتہ تین بچوں کی لاشیں بھی تلاش کرلی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے آٹھویں روز تینوں بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد مجموعی طور پر 15 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ملنے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ یاسر، 9 سالہ شاکر اور 6 سالہ منیب کے نام سے ہوئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تینوں بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد حادثے میں لاپتہ تمام افراد کی تلاش مکمل ہوگئی ہے۔ امدادی کارروائی میں ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

حکام کے مطابق بچوں کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 11 اگست کو باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ مظفرگڑھ کینال میں جاگرا تھا۔ رکشے میں 26 افراد سوار تھے، جبکہ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے 11 افراد کو نہر سے نکال کر بچا لیا تھا۔