پنجاب میں پانچویں جماعت تک ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ

نئے نظام کا بنیادی مقصد بچوں کو رٹے کے طریقہ کار سے نکال کر ان کی عملی، تخلیقی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔

August 17, 2026 · قومی

پنجاب میں پرائمری سطح پر تعلیم کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پانچویں جماعت تک طلبہ کے لیے سرگرمیوں پر مبنی نئی کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیکٹا حکام کے مطابق نئی کتابیں 2027 کے تعلیمی سیشن سے نصاب کا حصہ بنائی جائیں گی، جبکہ نئے کریکولم کے مطابق ان کی تیاری کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پنجاب میں پرائمری سطح پر اپنی نوعیت کا نیا تعلیمی نظام ہوگا، جس میں روایتی اندازِ تدریس اور صرف یاد کرنے کے بجائے طلبہ کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سکھانے پر توجہ دی جائے گی۔

نئے نظام کا بنیادی مقصد بچوں کو رٹے کے طریقہ کار سے نکال کر ان کی عملی، تخلیقی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔

پیکٹا کے مطابق نئی کتابوں میں ایسی سرگرمیوں کو شامل کیا جائے گا جن کے ذریعے طلبہ نصابی موضوعات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے اور حاصل کردہ علم کو روزمرہ زندگی سے جوڑنے کے مواقع حاصل کریں گے۔

حکام کے مطابق نئے کریکولم کے تحت کتابوں کی تیاری جاری ہے اور نئی طرزِ تعلیم کا باقاعدہ آغاز 2027 کے نئے تعلیمی سال سے متوقع ہے۔