ملکۂ کوہسار مری سیاحوں سے بھر گیا، خوشگوار موسم نے رنگ جما دیا

مری کے جی پی او چوک، مال روڈ، مرحبا چوک، پنڈی پوائنٹ اور کشمیر پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر سیاحوں کی گہما گہمی دیکھی جارہی ہے۔

August 17, 2026 · قومی

مری ( اُمت نیوز)ملک کے معروف سیاحتی مقام مری میں ان دنوں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ خوشگوار موسم، ٹھنڈی ہواؤں اور خوبصورت قدرتی مناظر نے ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے۔

مری کے جی پی او چوک، مال روڈ، مرحبا چوک، پنڈی پوائنٹ اور کشمیر پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر سیاحوں کی گہما گہمی دیکھی جارہی ہے۔

کلڈنہ، بھوربن، نیو مری اور گلیات روڈ پر بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ خاندانوں سمیت آنے والے افراد مری کے سرسبز جنگلات، بلند پہاڑوں اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

خوشگوار موسم اور قدرتی حسن کے باعث مری ایک بار پھر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ شہر کے مختلف تفریحی مقامات پر رونقیں عروج پر ہیں۔