پیپلز پارٹی کی بانی رہنما بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں
بیگم نفیسہ خالد کی نماز جنازہ آج بعد از مغرب امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی جائے گی
پاکستان پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال پر پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق بیگم نفیسہ خالد نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بیگم نفیسہ خالد کی نماز جنازہ آج بعد از مغرب امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین اے ڈبلیو ٹی فیز ٹو، جاتی عمرہ بی بلاک کے قبرستان میں ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے جمہوری اقدار کے فروغ اور جمہوریت کے استحکام کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں، جنہیں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
سردار ایاز صادق نے مرحومہ کے اہل خانہ، بالخصوص ان کے نواسے اور قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکریٹری سید شمعون ہاشمی سمیت دیگر عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیگم نفیسہ خالد کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل دے۔