زیارت اور ہرنائی کے سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر فورسز نے کارروائی کی منصوبہ بندی کی۔

August 17, 2026 · قومی

زیارت: زیارت اور ہرنائی کے سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر فورسز نے کارروائی کی منصوبہ بندی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگرانی کے دوران ایک متروکہ مکان میں 3 سے 4 دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ مصدقہ اطلاعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گرد عناصر اور ان کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا جاسکے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔