گلگت میں سیاح کو سڑک پر کچرا پھینکنا مہنگا پڑگیا
سیاح نے مقامی افراد سے تلخ لہجے میں بات کی، جس پر ایک مقامی نوجوان نے سڑک سے کچرا اٹھایا اور اسے واپس سیاح کی گاڑی میں ڈال دیا۔
گلگت میں سپریم اپیلیٹ کورٹ جٹیال کے قریب سڑک پر کچرا پھینکنے کے معاملے پر سیاح اور مقامی افراد کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کے مطابق ایک سیاح نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی سے کچرے سے بھرا شاپر سڑک پر پھینک دیا۔ قریب موجود مقامی افراد نے اسے کچرا سڑک پر پھینکنے کے بجائے قریب موجود ڈسٹ بن میں ڈالنے کا کہا۔
رپورٹس کے مطابق اس دوران سیاح نے مقامی افراد سے تلخ لہجے میں بات کی، جس پر ایک مقامی نوجوان نے سڑک سے کچرا اٹھایا اور اسے واپس سیاح کی گاڑی میں ڈال دیا۔
اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی۔ ویڈیو میں سرخ ٹوپی اور “Fear The Nation” تحریر والی ٹی شرٹ پہنے ایک شخص کو مقامی افراد سے بحث کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ دیگر افراد معاملہ ختم کرانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ھمارے پاکستانیوں کے روئیے۔
گلگت سپریم ایپلیٹ کورٹ جٹیال کے سامنے سیاح نے گاڑی سے کچرے سے بھرا شاپر سڑک پر پھنکنے پر لوگوں نے انہیں کہا کہ قریب ڈسٹ بین میں پھنک دو جس پر سیاح نے کہا کہ "یہ روڈ تمھارے باپ کا ہے جو منع کرتے ہو" اس پر نوجوان نے وہ کچرا اٹھا کر واپس اس کے گاڑی میں ڈال… pic.twitter.com/ONVihzlqJI— صحرانورد (@Aadiiroy2) August 18, 2026
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کئی صارفین نے سڑکوں اور سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے کے خلاف مقامی نوجوان کے ردعمل کو سراہا، جبکہ بعض نے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے پر زور دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان جیسے خوبصورت سیاحتی علاقوں کو صاف رکھنا مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی بھی ذمہ داری ہے اور ماحول کو آلودہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
تاہم واقعے کی ویڈیو اور اس سے متعلق دستیاب معلومات کی بنیاد پر فریقین کے درمیان ہونے والی گفتگو اور مکمل پس منظر کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔