کراچی کے لیاری میں چار منزلہ عمارت منہدم

گرنے والی عمارت پرانی اور زیر تعمیر تھی جبکہ اسے تقریباً ایک ماہ سے خالی رکھا گیا تھا۔

August 18, 2026 · قومی

کراچی کے علاقے لیاری نیا آباد میں چار منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

یوسی چیئرمین نیا آباد اسلم میمن کے مطابق گرنے والی عمارت پرانی اور زیر تعمیر تھی جبکہ اسے تقریباً ایک ماہ سے خالی رکھا گیا تھا۔

ان کے مطابق عمارت کو منہدم کرنے کا کام جاری تھا کہ اسی دوران عمارت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں عمارت کا ملبہ سامنے موجود عمارت پر جاگرا، جس سے اسے بھی نقصان پہنچا۔

اسلم میمن نے بتایا کہ ملبہ گرنے سے سامنے والی عمارت کا داخلی راستہ بھی بند ہوگیا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا اور ملبہ ہٹانے کے لیے اقدامات شروع کیے گئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے وقت عمارت خالی تھی، اسی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد عمارت کے انہدام کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات سے متعلق بھی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات سامنے آسکیں۔