بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی،حکومت عدالتی حکم پر من و عن عمل کرے گی:طارق فضل چوہدری
عمران خان کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان کے بارے میں فیصلہ بھی عدالتیں ہی کریں گی۔ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کرے گی۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان کے بارے میں فیصلہ بھی عدالتیں ہی کریں گی۔ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن کے قائدین بھی مختلف ادوار میں قید رہے اور انہیں عدالتوں کے ذریعے ریلیف ملا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے ماضی میں عدلیہ پر تنقید کی جاتی رہی، جسے انہوں نے قابل مذمت قرار دیا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عدالتی نظام کے ذریعے ہی قانونی معاملات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے احتجاج کے بجائے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرتشدد احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے فائدہ مند نہیں اور ایسے طریقوں سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔