سپریم کورٹ کا حکم: عمران خان کی نورین نیازی سے ملاقات کرادی گئی

ملاقات میں دونوں بہن بھائی نے صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی۔

August 18, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی سے ملاقات کرادی گئی۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنے، اہل خانہ اور ذاتی معالج سے ملاقاتوں کا حکم دیا تھا جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا، آج ہمشیرہ نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کرادی گئی۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے علیمہ خان، نورین خان اور دیگر اڈیالہ جیل پہنچے،  نورین نیازی جیل کے اندر روانہ ہوئیں۔

عمران خان اور اور نورین نیازی کی کانفرنس روم میں ملاقات کرادی گئی۔ ملاقات میں دونوں بہن بھائی نے صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی۔

جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔نورین نیازی کی ملاقات کے بعد انہوں نے علیمہ خان اور عظمی خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔

علیمہ خان نے کہا کہ ملاقات کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی، آج نورین کی ملاقات ہو گئی یہ بونس ہے، ملاقات پر اتنی خوشی ہے آپ سوچ بھی نہیں سکتے، میں کہاں سے مٹھائی لاتی، سپریم کورٹ سے اے ٹی سی پنڈی پیش ہوئی۔