ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 284 کے ویزے منسوخ
ذرائع کے مطابق گرفتار غیر ملکیوں کے لیے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے عثمان انور کی ہدایت پر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔ وزارتِ داخلہ نے 284 غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کر دیے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار غیر ملکیوں کے لیے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کر دیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق غیر ملکی ملزمان لڑکیوں کی جعلی شناخت بنا کر پاکستانیوں سے رابطے کرتے تھے، ملزمان مختلف ایپلی کیشنز پر سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں کو لوٹنے میں ملوث تھے۔
انھوں نے کہا کہ منظم آن لائن فراڈ سے متعدد پاکستانی شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور نے کہا کہ تحقیقات میں انتہائی تشویشناک اور بھیانک حقائق سامنے آرہے ہیں، گرفتار غیر ملکیوں کے مقامی سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ مل گیا۔ غیر ملکی ملزمان، سہولت کاروں اور ہینڈلرز کے خلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔ جرم میں معاونت کرنے والوں کے خلاف عہدے سے قطع نظر کارروائی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بعض سرکاری اہلکاروں کی ممکنہ معاونت کے پہلو کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیموں نے سفری اور قانونی کارروائی مکمل کر لی۔
ذرائع کے مطابق بیشتر گرفتار غیر ملکی سیاحتی یا وزٹ ویزوں پر پاکستان آئے تھے، تمام 284 غیر ملکیوں کو 15 روز کے اندر پاکستان سے واپس بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق روانگی کے بعد غیر ملکیوں کے نام بلیک لسٹ اورفارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل ہوں گے، ملک بدر افراد کو مستقبل میں دوبارہ پاکستانی ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔