کراچی : نامعلوم ملزمان کی فائرنگ ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا سپروائزر قتل
مقتول امتیاز حسین کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے بھی سامنے آیا ہے، پولیس
فائل فوٹو
کراچی: کورنگی نمبر 5 میں ڈی ایم سی کالج آف ایجوکیشن کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ امتیاز حسین جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 2 نامعلوم ملزمان سرکاری دفتر میں داخل ہوئے اور امتیاز حسین کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے میں 50 سالہ عقیل نامی شخص بھی زخمی ہوا، جبکہ جاں بحق اور زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔مقتول امتیاز حسین لانڈھی ٹاؤن کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سپروائزر اور سرکاری محکمے میں کلرک تھا۔
حال ہی میں مقتول کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی تھی جبکہ اس کی اہلیہ نے دوسری جگہ شادی بھی کرلی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے بھی سامنے آیا ہے۔واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔