آزاد کشمیر میں بھی ‘مریم’ نام کا ڈنکا! ن لیگ نے 2 مریموں کو ٹکٹ جاری کر دیے

اوورسیز نشست پر عبدالرحمٰن ،ٹیکنوکریٹ نشست پر سید افتخار علی گیلانی، علما و مشائخ نشست پر پیر محمد مظہر سعید کو تخٹ جاری کیا گیا۔

August 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مری: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کے لیے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پر امیدواروں کی منظوری دے کر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اس انتخابی عمل میں سب سے دلچسپ اور توجہ طلب صورت حال خواتین کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے وقت سامنے آئی، جہاں پارٹی نے جن امیدواروں کو انتخاب کے لیے منتخب کیا ہے ان میں دو شخصیات کے نام ‘مریم’ ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر مریم زمانی، مریم ادریس، رفعت عابد اور سحرش قمر کو مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے مقام پر خواتین کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے تھے۔

دیگر مخصوص نشستوں پر جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اوورسیز نشست پر عبدالرحمٰن ،ٹیکنوکریٹ نشست پر سید افتخار علی گیلانی، علما و مشائخ نشست پر پیر محمد مظہر سعید کو تخٹ جاری کیا گیا۔

 آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں 5 نشستیں خواتین، 1 علما و مشائخ، 1 بیرونِ ملک مقیم ریاستی باشندوں اور 1 نشست ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کے لیے مختص ہے۔

قانون ساز اسمبلی کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 20 اگست مقرر کی گئی ہے، جبکہ پولنگ 24 اگست کو اسمبلی ہال مظفر آباد میں ہوگی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے 25 براہِ راست نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کا اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد ‘عوامی دست و بازو’ کے منتخب رکن بھی ن لیگ میں شامل ہو گئے تھے۔ مخصوص نشستوں پر کامیابی کے بعد ایوان میں مسلم لیگ (ن) کی کل طاقت 32 ہو جائے گی۔

حکومتی ایوان میں 32 نشستوں کے ساتھ واضح اور بھاری اکثریت حاصل کرنے کے بعد اب تمام تر نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیاسی، انتظامی اور معاشی معاملات کو کس حسن و اسلوب سے سنبھالنے میں کامیاب ہوتی ہے۔