گڈز ٹرانسپورٹرز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان

ڈیزل کی قیمت میں کمی کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں،صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز

August 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نبیل محمود طارق نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی۔فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا تھا، تاہم ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ان مشکلات میں کمی آئے گی۔

نبیل محمود طارق کا کہنا تھا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فائدہ کاروباری طبقے اور صارفین تک پہنچانے کے لیے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کو کم از کم ایک ہفتے تک برقرار رکھا جائے، تاکہ ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقہ اس کے ثمرات سے مستفید ہوسکے۔