پیپلز پارٹی کے وفد نے اسپیکر سےنظر انداز کیے جانے کی شکایت لگا دی

دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

August 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں ہر اہم  قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملے میں نظر انداز کیے جانے کی شکایات کیں۔

پیپلز پارٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہر اہم قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملے میں نظر انداز کیے جانے کی شکایات کیں، آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے کہا کہ حکومت کی وعدہ خلافیاں جاری رہیں تو ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

حکومتی وفد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد دے تو تحقیقات کے لیے تیار ہیں، قانون سازی کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی کے خدشات دور کریں گے۔

دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادی جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں، اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ بھی شامل تھے، پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت راجہ پرویز اشرف نے کی، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی و دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔