پی ڈی ایم اے پنجاب کا مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کا الرٹ جاری
21 اگست شام سے 23 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی
فائل فوٹو
لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 21 اگست شام سے 23 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بھی موسلادھار برش کا امکان ہے۔بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بارش متوقع ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیارکرین، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔
صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔