ملائیشین وزیر داخلہ سیف الدین نصوحیون بن اسماعیل کی جی ایچ کیو آمد ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
پاکستان اور ملائیشیا نے دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاکستان اور ملائیشیا نے دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کے وزیر برائے داخلہ سیف الدین نصوحیون بن اسماعیل نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد اور پاکستان میں متعین ملائیشین سفیر کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ و پائیدار روابط کو سراہتے ہوئے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ملائیشیا کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو دہرایا۔