آرٹیکل 245 کے تحت راولپنڈی میں فوج تعینات کرنے کی منظوری
پاک فوج کی 3 کمپنیاں تعینات ہوں گی، جو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی
فائل فوٹو
وفاقی حکومت نے راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں راولپنڈی میں فوج تعینات کرنے کی درخواست ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے کی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں پاک فوج کی 3 کمپنیاں تعینات ہوں گی، جو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں معاونت کریں گی۔
حکام کے مطابق فوج کی تعیناتی کا مقصد راولپنڈی میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کرنا ہے۔