سیوریج لائن کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے باپ بیٹا جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اسماعیل اور اس کے بیٹے محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔

August 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ملتان میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران زہریلی گیس بھرنے سے باپ اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔

یہ افسوسناک واقعہ بی سی جی چوک کے قریب پیش آیا، جہاں 36 انچ کی مین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران دو سیور مین گیس کی زد میں آکر بے ہوش ہوگئے اور مین ہول میں پھنس گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اسماعیل اور اس کے بیٹے محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں قاسم پور نہر کے قریب سیوریج لائن کی صفائی کے کام پر مامور تھے۔

ذرائع کے مطابق محمد اسماعیل مستقل ملازم جبکہ محمد رمضان ورک چارج کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہا تھا۔ واقعے کے وقت واسا کا کوئی افسر موقع پر موجود نہیں تھا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے دونوں افراد کو مین ہول سے نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کیا، تاہم دونوں جانبر نہ ہوسکے۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔