لاہور جنرل ہسپتال سے ادویات چوری، پولیس نے 2 ملزمان کو پکڑ لیا

ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا

August 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: لاہور جنرل ہسپتال سے ادویات چوری کرنے کے الزام میں دو ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی درخواست پر دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ہسپتال کے اے ایم ایس سفیان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں مبینہ طور پر ملزم مبشر اقبال اور ڈسپنسر میاں حامد کے ادویات چوری کرنے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ ادویات بھی برآمد کر لی گئیں۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ہسپتال سے ادویات چوری کرنے کا سلسلہ کب سے جاری تھا اور اس میں مزید کوئی شخص ملوث ہے یا نہیں۔