ہیلتھ سیکٹر میں نجی شراکت داروں کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں:مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کیا اور زیر تعمیر اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔

August 22, 2026 · قومی
وزیراعلیٰ سندھ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کررہے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا ،ایکس)

وزیراعلیٰ سندھ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کررہے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا ،ایکس)

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں نجی اداروں کے تعاون سے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کیا اور زیر تعمیر اسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

حکام کے مطابق حسن سلیمان میموریل اسپتال حکومت سندھ کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسپتال کے لیے زمین حکومت سندھ نے فراہم کی ہے جبکہ تعمیراتی اخراجات میں بھی صوبائی حکومت کی جانب سے مساوی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال 312 بستروں پر مشتمل ہوگا اور تقریباً 3 لاکھ 23 ہزار مربع فٹ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہاں ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور امراض قلب کے علاج سمیت جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اسپتال میں ایمرجنسی، بیرونی مریضوں کے شعبے، انتہائی نگہداشت اور امراض قلب کے انتہائی نگہداشت یونٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 23.5 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسپتال کی تعمیر دسمبر 2022 میں شروع ہوئی تھی اور اس کا افتتاح 25 دسمبر 2026 کو کرنے کا منصوبہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اسپتال کی تکمیل سے ملیر کے عوام کو معیاری علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام صحت کے شعبے میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے اور نجی شراکت داروں کے تعاون سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ میں بھی جاوید سلیمان کے تعاون سے 600 بستروں پر مشتمل اسپتال کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔