حکومت کو پسند ہو یا نہ ہو، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں:شرمیلا فاروقی
حکومت چاہتی تو پہلے ہی عمران خان کو اسپتال منتقل کرکے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی تھی
فائل فوٹو
کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، عمران خان ملک کے سابق وزیراعظم ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیاسی کشیدگی کے ساتھ مختلف معاملات بھی زیر بحث ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بھی دھاندلی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق حکومت چاہتی تو پہلے ہی عمران خان کو اسپتال منتقل کرکے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی تھی۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق حکومت کو اس معاملے پر اپنے تحفظات واضح کرنے چاہئیں۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ملک میں بجلی، پٹرول اور مہنگائی سمیت کئی اہم مسائل موجود ہیں، لیکن سیاسی بحث کا مرکز عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کو عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے میں کیا پریشانی یا خدشہ ہے، اس کی وضاحت حکومت ہی بہتر طور پر کرسکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم کو پارلیمان میں براہِ راست مخاطب کرنے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اس معاملے کو بھی متنازع بنا دیا گیا۔