انمول پنکی کیس، پراسیکیوشن نے پولیس کے عبوری چالان مسترد کردیے

چالان میں ان ملزمان کی تفصیلات موجود نہیں جنہیں مقدمات میں بری کیا جا چکا ہے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ بریت کے عدالتی فیصلوں کی نقول بھی متعلقہ چالان کا حصہ بنائی جائیں۔

August 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں انمول پنکی کے خلاف منشیات سے متعلق تین مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان پر پراسیکیوشن نے اعتراضات اٹھا دیے۔

پولیس نے تینوں مقدمات کے عبوری چالان پراسیکیوشن کے سامنے پیش کیے تھے، تاہم ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے چالان میں بعض ضروری تفصیلات اور دستاویزات موجود نہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں واپس کردیا۔

پراسیکیوٹر نے پولیس کو ہدایت کی کہ تمام اعتراضات دور کرکے چالان دوبارہ جمع کرائے جائیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق عبوری چالان میں انمول پنکی کو اشتہاری قرار دیے جانے سے متعلق کارروائی کی تفصیلات شامل نہیں کی گئی تھیں۔

پراسیکیوٹر نے یہ اعتراض بھی اٹھایا کہ چالان میں ان ملزمان کی تفصیلات موجود نہیں جنہیں مقدمات میں بری کیا جا چکا ہے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ بریت کے عدالتی فیصلوں کی نقول بھی متعلقہ چالان کا حصہ بنائی جائیں۔

پراسیکیوشن نے پولیس کو مزید ہدایت کی کہ انمول پنکی کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کی جانے والی کارروائی کی مکمل تفصیلات بھی نئے چالان میں شامل کی جائیں۔

پولیس کو اعتراضات دور کرنے کے بعد تینوں مقدمات کے عبوری چالان دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔