جماعت اسلامی کا 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
فائل فوٹو
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے دوران 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق آٹا اور چینی کے شعبوں میں مافیا کے اثر و رسوخ کے خاتمے کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری لانا مشکل ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کسانوں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سستی کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ سرکاری اخراجات میں بھی عوامی وسائل کے درست استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات مطالبات پر عملی پیش رفت کی بنیاد پر ہوں گے اور صرف یقین دہانیوں پر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں۔ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اسلام آباد کی جانب مارچ سمیت احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جو آٹھویں روز میں داخل ہوچکے ہیں۔