شکارپور میں گھریلو تنازع، خاتون کو مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی

میاں صاحب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق نامزد کیے گئے مبینہ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

August 23, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

شکارپور کے علاقے میاں صاحب کے گاؤں پہلوان چانڈیو میں ایک خاتون کے جھلسنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خاتون نے اپنے دیوروں پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔

زخمی خاتون جنت کے مطابق گھریلو ناچاقی کے دوران اس کے دیور رزاق چانڈیو اور احمد علی چانڈیو نے مبینہ طور پر اس پر پٹرول ڈالا اور آگ لگا دی۔ واقعے میں خاتون شدید جھلس گئی۔

خاتون کو فوری طور پر سلطان کوٹ رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے باعث اسے مزید علاج کے لیے سکھر منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر میاں صاحب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق نامزد کیے گئے مبینہ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

خاتون کے اہلخانہ نے ایس ایس پی شکارپور سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ خاتون کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔