آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون؟ دو نام سامنے آگئے
ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب سمیت مختلف سیاسی امور اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان جاتی امراء میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال کے علاوہ آزاد کشمیر کے سیاسی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب سمیت مختلف سیاسی امور اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے نام زیر غور ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں میں سے کسی ایک نام کو حتمی منظوری دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے، جبکہ حتمی نام کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف جاتی امراء سے روانہ ہوگئے۔