آزاد کشمیر: جاگراں ویلی کے جنگل سے تین لاپتا نوجوانوں کی لاشیں برآمد

تینوں نوجوان 3 جولائی کو وادی نیلم کی بابون ویلی جانے کے لیے گھر سے نکلے تھے، جس کے بعد ان کا اہلخانہ سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا

August 24, 2026 · قومی
آزاد کشمیر کی وادی نیلم (علامتی تصویر)

آزاد کشمیر کی وادی نیلم (علامتی تصویر)

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کی جاگراں ویلی کے گھنے جنگلات سے تین نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کی شناخت یاسر بلوچ، ناصر اور فیصل اعوان کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں نوجوان گزشتہ کئی ہفتوں سے لاپتا تھے اور اہلخانہ کے مطابق وہ 3 جولائی کو گھر سے نکلنے کے بعد سے واپس نہیں آئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق یاسر بلوچ، ناصر اور فیصل اعوان 3 جولائی کو وادی نیلم کی معروف بابون ویلی کی جانب گئے تھے۔ تاہم گھر سے روانگی کے بعد تینوں نوجوانوں کا اپنے اہلخانہ سے رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد ان کی تلاش جاری تھی۔

تینوں نوجوانوں کی لاشیں جاگراں ویلی کے ایک گھنے جنگلاتی علاقے سے اس وقت ملیں جب مقامی خواتین جنگل میں مویشی چرا رہی تھیں۔ خواتین نے لاشیں دیکھنے کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکام اور پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تینوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں لاشوں کو ضروری قانونی اور طبی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیش میں یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تینوں نوجوانوں کی موت کسی حادثے، شدید موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے ہوئی۔