میر رضا کے اہلخانہ نے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست دائر کردی
درخواست میں سندھ حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ درخواست پر ابتدائی سماعت آج ہونے کا امکان ہے۔
فائل فوٹو
کراچی کے تاجر میر رضا کی ہلاکت کے معاملے میں اہلخانہ نے تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی۔
درخواست میں سندھ حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ درخواست پر ابتدائی سماعت آج ہونے کا امکان ہے۔
میر رضا کے اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کو بھی خط لکھا جاچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد سے متعلق اہم سوالات کے جوابات ملنے چاہئیں اور یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ اگر کسی مرحلے پر شواہد ضائع ہوئے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
جبران ناصر نے کہا کہ متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی اہلخانہ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے مختلف اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی جانی چاہیے۔
وکیل نے بتایا کہ کیس کے تفتیشی افسر مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے، تاہم تاحال کسی شخص کو باقاعدہ طور پر نامزد کیے جانے یا ضمنی چالان پیش کیے جانے سے متعلق پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
جبران ناصر کا مزید کہنا تھا کہ اگر سابقہ تفتیشی ٹیم کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے تو اس کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں۔ ان کے مطابق اہلخانہ کو یہ معلوم نہیں کہ سابقہ تفتیشی ٹیم سے تحقیقات یا پوچھ گچھ کی گئی ہے یا نہیں۔
اہلخانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا قیام ضروری ہے۔