بانی پی ٹی آئی کوئی ڈیل نہیں کرتے، تین سال قید کاٹ لی:بیرسٹر گوہر

آج توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی جائے گی اور امکان ہے کہ اسے باقاعدہ نمبر بھی الاٹ ہوجائے گا۔

August 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی جائے گی اور امکان ہے کہ اسے باقاعدہ نمبر بھی الاٹ ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں تھا اور حکم پر اسی طرح عمل ہونا چاہیے تھا، تاہم بانی پی ٹی آئی کو مطلوبہ ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ میڈیکل بورڈ میں بھی وہ تمام افراد شامل نہیں کیے گئے جنہیں شامل کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ آئے تھے، تاہم چیف جسٹس کی مصروفیات کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔ ان کے مطابق ان کی اور لطیف کھوسہ کی سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات ہوئی، جہاں بینچ کی تشکیل کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بینچ کی تشکیل آن لائن بھی ممکن ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کسی ڈیل کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنتے، اگر ایسا کرنا ہوتا تو وہ تین سال جیل میں نہ گزارتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہسپتال میں طویل قیام کا ارادہ نہیں اور وہ صرف ضروری طبی معائنے اور ٹیسٹ کرانا چاہتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ توہین عدالت کی درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے گی۔