اپٹما کے سالانہ انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ کی بڑی کامیابی
اسد شفیع مرکزی چیئرمین اپٹما جبکہ صدیق جاوید بھٹی چیئرمین اپٹما نارتھ منتخب ہوگئے۔ گوہر اعجاز گروپ نے انتخابات میں تمام اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
فائل فوٹو
لاہور: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرتے ہوئے مخالف گروپ کو واضح برتری سے شکست دے دی۔
انتخابی نتائج کے مطابق اسد شفیع مرکزی چیئرمین اپٹما جبکہ صدیق جاوید بھٹی چیئرمین اپٹما نارتھ منتخب ہوگئے۔ گوہر اعجاز گروپ نے انتخابات میں تمام اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
انتخابات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ان کے گروپ کو مسلسل 17ویں مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مجموعی برآمدات میں ٹیکسٹائل شعبے کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے اور اس صنعت نے عالمی سطح پر ملک کی شناخت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپٹما اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق پاکستان میں بند یا غیر فعال کاٹن ملز کو دوبارہ چلانے کی ضرورت ہے، جبکہ برآمد کنندگان کے لیے توانائی اور پالیسی سے متعلق اخراجات بھی ایک بڑا چیلنج ہیں۔
انہوں نے کاروباری برادری کے خلاف مبینہ منفی بیانات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سرمایہ کار اور صنعت کار معیشت کا اہم حصہ ہیں، اس لیے ان کے ساتھ احترام کا رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا قیام 1957 میں عمل میں آیا تھا۔ تنظیم کے انتخابات میں گوہر اعجاز گروپ نے 2010 میں نمایاں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد تنظیم کے انتخابات میں اس گروپ کی مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔