کراچی پریس کلب کے ارکان کو سندھی زبان سکھانے کے لیے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ

سندھی لینگویج کورس تین ماہ پر مشتمل ، ہفتے میں دو روز جمعے اور ہفتے کے روز ایک گھنٹے کی کلاس ہو گی

August 24, 2026 · قومی
فوٹو کراچی پریس کلب

فوٹو کراچی پریس کلب

کراچی پریس کلب کے ارکان کو سندھی زبان سکھانے کے لیے 3 ماہ پر مشتمل سندھی لینگویج کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کراچی پریس کلب کی جانب سے اپنے ارکان کو سندھی زبان سکھانے کے لیے رجسٹریشن کے بعد دوسرے مرحلے میں رجسٹرڈ ارکان کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری اسلم خان نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن اور سندھی لینگویج کورس کے آرگنائزر جاوید مہر نے مختصر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھی لینگویج اتھارٹی کے تعاون سے کلب کے ارکان کو سندھی زبان سکھانے کے لیے کلاسز شروع کی جا رہی ہیں، جن میں تین ماہ کا سندھی لینگویج کورس پڑھایا جائے گا۔ اس کورس کے ذریعے سندھی سیکھنے والوں کو زبان کی بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں سندھی لینگویج اتھارٹی کی جانب سے سندھی کلاس کے لیے مقرر کیے گئے استاد ڈاکٹر محمد قاسم راجپر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ کراچی پریس کلب کے ارکان کو بنیادی سندھی زبان سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق کچھ آن لائن مواد اور معلومات بھی شیئر کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران سینئر صحافی عامر لطیف نے کلب کے ارکان کے بچوں کے لیے بھی سندھی زبان کی کلاسز شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔

کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے کہا کہ سندھی زبان سیکھنے سے رپورٹرز اور سب ایڈیٹرز کو بہت فائدہ ہوگا۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ سندھی زبان انتہائی اہم ہے، اسی لیے جب گورننگ باڈی کے اجلاس میں سندھی زبان سکھانے کی تجویز پیش کی گئی تو اسے فوری طور پر منظور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سندھی سیکھنے کے لیے کلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں ہفتے میں دو دن کلاسز منعقد کرنے اور کلاس کے دوران زیادہ سے زیادہ سندھی زبان بولنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے اپنا تعارف سندھی زبان میں کرایا۔

تعارفی اجلاس میں کراچی پریس کلب کے سابق صدر سعید سربازی، کے یو جے کے صدر نصراللہ چوہدری، سید عابد علی، زبیر نذیر خان، قاضی حسن، وقاص علی، امین انور، شاہد حسین، جاوید صدیقی، آفتاب خان، جنید راجپوت، محمد ابراہیم رند، شائستہ جلیل، راحت جان، حامد، منصور احمد، سید کاشف شاہ، مونا صدیقی، محمد شاہد عثمان ساٹی، عادل سلطان، عمران خان، شفقت عزیز، سید مظفر شاہ جیلانی، عارف اقبال، عبدالرحمان، ذوالفقار راجپر اور قاضی اعجاز سمیت دیگر نے شرکت کی۔