حبیب جالب کی بیٹی سے رقم طلبی کا معاملہ: پیرا نے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

ابتدائی انکوائری کے مطابق پیرا کے کسی افسر یا اہلکار نے ان کے ڈھابے کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی رقم کا مطالبہ کیا۔ وضاحتی بیان

August 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے نامور عوامی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر اپنا وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔

پیرا کے ترجمان کے مطابق ادارہ عظیم عوامی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی کا دلی احترام کرتا ہے۔ تاہم معاملے سے متعلق کی جانے والی ابتدائی انکوائری کے مطابق پیرا کے کسی افسر یا اہلکار نے ان کے ڈھابے کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی ان سے کسی قسم کی رقم یا بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ادارہ سے منسوب کیے جانے والے تمام دعوے بادی النظر میں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

ترجمان پیرا نے مزید کہا کہ اگر متاثرہ خاتون کے پاس ادارے کے کسی بھی اہلکار کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت موجود ہے تو وہ اسے پیرا کے سرکاری شکایتی چینلز کے ذریعے پیش کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شکایت موصول ہونے پر معاملے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں گی، اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں بلا تفریق انصاف کی فراہمی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔