جشن میلاد النبی ﷺ پر کراچی میں ڈمپر اور ٹینکرز کے داخلے پر پابندی

مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے ۔ یہ پابندی 25 اور 26 اگست کو بھی نافذ رہے گی۔

August 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی میں جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھاری گاڑیوں کی شہر میں آمدورفت محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کے دوران ڈمپرز، ٹینکرز، گڈز ٹرانسپورٹ اور دیگر بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ یہ پابندی 25 اور 26 اگست کو بھی نافذ رہے گی۔

حکام کے مطابق جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ اسی تناظر میں بھاری ٹریفک کی آمدورفت محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے بھاری گاڑیوں کے مالکان، گڈز ٹرانسپورٹرز، ڈمپر اور واٹر ٹینکرز مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں شہر میں آمدورفت سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جشن میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور ریلیوں کے دوران ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور متبادل راستوں کے استعمال کو ترجیح دیں۔