ہری پور: پانچ سالہ آیت نور کا نماز جنازہ ادا، ہزاروں شہریوں کی شرکت

آیت نور تقریباً 16 روز قبل گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی، جس کے بعد لاپتا ہوگئی۔ کئی روز تک تلاش کے بعد بچی کی لاش ایک کنویں سے برآمد ہوئی

August 25, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ایپ(فیس بک)

فوٹو سوشل میڈیا ایپ(فیس بک)

ہری پور میں مبینہ زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی پانچ سالہ آیت نور کی نماز جنازہ کھاد فیکٹری کے گراؤنڈ میں ادا کردی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

آیت نور تقریباً 16 روز قبل گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی، جس کے بعد لاپتا ہوگئی۔ کئی روز تک تلاش کے بعد بچی کی لاش ایک کنویں سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم اور سوگ کی فضا قائم ہے۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے پانچ مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی۔ ان میں سے تین افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر دو کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان کے بیانات کی روشنی میں کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں گزشتہ کئی روز سے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن بھی کر رہی ہیں۔

واقعے پر ہری پور ڈسٹرکٹ بار نے آج یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔