عمران خان کی صحت و زندگی کا معاملہ،انصاف میں تاخیر نہ کی جائے:نعیم پنجوتہ

درخواست پر چار روز بعد اعتراض عائد کیا گیا، تاہم اب تک اسے پٹیشن نمبر بھی نہیں دیا گیا۔

August 25, 2026 · قومی
فوٹو ایکس

فوٹو ایکس

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے قانونی امور کے ترجمان نعیم پنجوتہ نے عمران خان کی صحت سے متعلق دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتہ نے کہا کہ درخواست پر چار روز بعد اعتراض عائد کیا گیا، تاہم اب تک اسے پٹیشن نمبر بھی نہیں دیا گیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ درخواست پر عائد اعتراضات فوری دور کیے جائیں اور معاملے کو مزید تاخیر کا شکار نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کی صحت اور زندگی سے متعلق معاملہ ہے، اس لیے قانونی کارروائی میں رکاوٹیں ختم کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

یہ پیش رفت عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی احکامات پر جاری تنازع کے دوران سامنے آئی ہے۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوا، جبکہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز لے جایا گیا اور طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب عدالت سے متعلق درخواست پر اعتراضات دور ہونے اور اسے باقاعدہ نمبر ملنے کے بعد معاملہ مزید عدالتی کارروائی کے لیے آگے بڑھنے کا امکان ہے۔