اپوزیشن عدم اعتماد لائے گی تو سہولت فراہم کریں گے:اسپیکر قومی اسمبلی
ایوان کا کورم مکمل کرنا صرف اسپیکر کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے، اگر اپوزیشن ایسی تحریک لاتی ہے تو اسے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
پارلیمنٹ کے احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ایوان کا کورم مکمل کرنا صرف اسپیکر کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق آج کے اجلاس میں گزشتہ نشستوں کے مقابلے میں بہتری نظر آئی اور ارکان کی حاضری بھی بہتر رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اجلاس میں مزید بہتری آئے گی اور کورم مکمل ہوگا۔
ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ ارکان کے لیے اپنے اپنے حلقوں اور علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے کا اہم فورم ہے، اس لیے ایوان کو خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔
انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے قانون سازی کے معاملے پر پارلیمانی اتحاد کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اسپیکر نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے مختلف پارلیمانی کمیٹیوں سے دیے گئے استعفے تاحال انہوں نے قبول نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے قبول نہ کیے جائیں۔