جرگہ ارکان کے الٹی چارپائی پر بیٹھنے کاطریقہ ایک بامقصد روایت

کسی فریق کے مسلسل انکار پر اظہارناراضی اور اخلاقی دباؤکی نشان دہی کرتاہے

August 25, 2026 · امت خاص

پشتون معاشرت میں جرگہ صرف چند افراد کی بیٹھک نہیں، بلکہ ر دشمنی کے خاتمے اور صلح کا ایک قدیم اور معتبر ذریعہ سمجھا جاتا ہےلیکن جب جرگہ کسی تنازع کے حل کے لیے بار بار کوشش کرے اور ایک فریق صلح پر آمادہ نہ ہو تو جرگہ اپنے احتجاج کے لیے ایک منفرد علامتی طریقہ اختیار کرتا ہے۔

جرگہ ممبران پہلے چارپائی الٹی کرکے اس پر بیٹھ جاتے ہیں۔یہ محض بیٹھنے کا انداز نہیں بلکہ کسی فریق کے مسلسل انکار پر جرگے کی ناراضی اور اخلاقی دباؤ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

سینئر صحافی افتخار فخر کے مطابق اگر الٹی چارپائی کے باوجود فریق صلح کے لیے تیار نہ ہوتو جرگہ ممبران چارپائی بھی ہٹا دیتے ہیں اور زمین پر بیٹھ جاتے ہیںیعنی احتجاج کا یہ عمل ایک مرحلے سے دوسرے مرحلے تک پہنچتا ہےاور چارپائی ہٹا کر زمین پر بیٹھ جانا اس بات کا علامتی اعلان ہوتاہے کہ جرگہ اب معمول کی نشست سے بھی دستبردار ہوچکا ہے۔

اس پورے عمل کا مقصد طاقت کا استعمال نہیں، بلکہ اخلاقی اور سماجی دباؤ پیدا کرنا ہوتا ہےکیونکہ پشتون معاشرت میں جرگے کے ارکان عموماً ایسے افراد ہوتے ہیں جنہیں معاشرہ عزت اور اعتبار کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ان کی ناراضی اور ان کا احتجاج فریقین کے لیے سماجی طور پر اہم پیغام بن جاتا ہے۔

الٹی چارپائی پر بیٹھنا ایک با مقصد روایت ہے

جرگے کا بنیادی مقصد کسی ایک فریق کو شکست دینا نہیں بلکہ دشمنی کا سلسلہ روکنا اور دونوں فریقوں کو صلح کے قریب لانا ہوتا ہے۔خاص طور پر ایسے تنازعات میں جہاں دشمنی نسلوں تک منتقل ہونے کا خطرہ ہو، جرگہ ایک ایسے راستے کی تلاش کرتا ہے جس سے فریقین عزت کے ساتھ تنازع ختم کرسکیں۔

جرگہ اپنی روایتی طاقت سے نہیں، بلکہ اعتماد، سماجی احترام اور اخلاقی اثر و رسوخ سے فریقین کو قریب لانے کی کوشش کرتا ہےاور چارپائی سے زمین تک کا یہ سفر اسی اجتماعی کوشش کی ایک منفرد علامت ہے۔