اسحاق ڈار کا شام پر امریکی پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم
یہ اقدام شام کے عوام کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے اور ملک کی تعمیرِ نو میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شام پر عائد تمام امریکی پابندیاں ختم کرنے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے خاتمے سے شام کی معیشت کی بحالی اور اقتصادی ترقی کے عمل کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام شام کے عوام کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے اور ملک کی تعمیرِ نو میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ شام پر پابندیاں اٹھانے سے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور معاشی خوشحالی کے لیے شام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔