سانحہ پمز پر نواز شریف کا اظہار افسوس،ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے اور اس سانحے پر ان کا دل رنجیدہ ہے

August 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سابق وزیراعظم نواز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے اور اس سانحے پر ان کا دل رنجیدہ ہے۔ انہوں نے غمزدہ والدین اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

سابق وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

نواز شریف نے حکومت پر زور دیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کو مؤثر بنانا اور ضروری اقدامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔