پمز سانحہ: زیادہ تر بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں، طارق فضل چودھری

اسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جبکہ گیس لائن اور پلاسٹک کے آلات کی موجودگی سے آگ نے شدت اختیار کی

August 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران زیادہ تر نومولود بچوں کی اموات دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔

طارق فضل چودھری نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کیں۔ ان کے مطابق اسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جبکہ گیس لائن اور پلاسٹک کے آلات کی موجودگی سے آگ نے شدت اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آکسیجن سپلائی نے بھی آگ کے پھیلاؤ میں کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے پمز نرسری میں نومولود بچوں کی ہلاکتوں کو انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اسپتالوں اور دیگر متعلقہ اداروں میں مؤثر حفاظتی اور ہنگامی انتظامات یقینی بنانا ضروری ہے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

طارق فضل چودھری نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ دے اور ان کے والدین و لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔