پمز آتشزدگی واقعہ، صحت کی قائمہ کمیٹی کے ارکان پمز پہنچ گئے
واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی۔ تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق عوام کے سامنے لانا ضروری ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)
اسلام آباد: پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے ارکان ہسپتال پہنچ گئے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی مہیش کمار کی سربراہی میں کمیٹی کے ارکان نے پمز کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے واقعے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی مہیش کمار نے کہا کہ امید ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے ذریعے اصل حقائق عوام کے سامنے لانا ضروری ہے۔
مہیش کمار نے کہا کہ ذمہ داری کسی بڑے افسر کی ہو یا چھوٹے اہلکار کی، تحقیقات میں تمام حقائق سامنے آنے چاہئیں اور کسی کو بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
پمز ہسپتال میں جو اتنا بڑا واقعہ ہوا، کوئی بڑا افسر ہو یا چھوٹا حقائق سامنے لائے جائیں، ہمیں بطور کمیٹی صحیح رپورٹ ملنی چاہیے، سب سے پہلے یہ دیکھنا ہے آگ لگی کیسے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین مہیش کمار ملانی pic.twitter.com/L0T09VVdBc
— Umer Inam (@UmerInamPk) August 27, 2026
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ سب سے پہلے یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ پمز ہسپتال میں آگ لگی کیسے، اس کے بعد دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی کے ارکان نے ہسپتال انتظامیہ سے واقعے، امدادی کارروائیوں اور حفاظتی انتظامات سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔