تمام صارفین کیلئے یکساں گیس قیمت کی جانب منتقلی ضروری ہے: وفاقی وزیر

کم آمدنی والے اور کمزور طبقات کو عمومی سبسڈی کے بجائے ہدفی سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔

August 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے مختلف سلیب کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے، جبکہ تمام صارفین کے لیے زیادہ منصفانہ اور یکساں قیمتوں کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے۔

کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGCL) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ادارے کی کارکردگی، مالی صورتحال اور اصلاحات سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی بورڈ کو ادارے کی پائیداری بہتر بنانے اور انتظامی مسائل دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے اور کمزور طبقات کو عمومی سبسڈی کے بجائے ہدفی سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔

اجلاس میں ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیس کی تقسیم کے نظام میں بہتری آئی ہے، جبکہ گیس کے غیر اعلانیہ نقصانات یعنی یو ایف جی میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ گھریلو صارفین کو روزانہ تین اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بلوچستان میں گیس کی فراہمی سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں گیس چوری، تکنیکی خرابیوں اور انفراسٹرکچر سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔

علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی بورڈ پر زور دیا کہ آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے، ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری اور لائن لاسز میں کمی کمپنی کی مالی پائیداری کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ گیس سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو بھی تقریباً روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جن کا مقصد نظام کو زیادہ مؤثر، پائیدار اور مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔