پمز اسپتال کے باہر شہریوں کیلئے شکایتی کیمپ قائم کردیا گیا
رات گئے نصب کیے گئے ٹینٹ میں روشنی اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
اسلام آباد: پمز اسپتال میں حالیہ افسوسناک واقعے کے بعد نئے وفاقی سیکریٹری صحت محمود رائے نے اسپتال کے باہر شہریوں کی شکایات سننے اور انتظامی امور کی نگرانی کے لیے ٹینٹ قائم کروا دیا۔
رات گئے نصب کیے گئے ٹینٹ میں روشنی اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ کیمپ میں آنے والے شہری اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔
وفاقی سیکریٹری صحت محمود رائے روزانہ اس کیمپ کا دورہ کریں گے اور پمز اسپتال میں انتظامی معاملات، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امور کا جائزہ لیں گے۔
نئے سیکرٹری ہیلتھ محمد محمود رائے نے پمز اسپتال کے باہر شہریوں کے بیٹھنے کےلئے ٹینٹ لگوا دیا، لائٹنگ اور پنکھوں کا انتظام، سیکرٹری صحت روزانہ کیمپ میں بیٹھ کر پمز اسپتال میں انتظامی امور اور سہولیات کا جائزہ لیں گے، شہریوں کی شکایات بھی سنیں گے۔۔!! pic.twitter.com/Ss12pv4yvg
— Khurram Iqbal (@khurram143) August 27, 2026
ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات کو بھی روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے گا تاکہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔
سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی میتیں بعد ازاں ورثا کے حوالے کردی گئی تھیں، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں میں شدید غم و افسوس پایا جاتا ہے۔
پمز انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے اسپتال میں حفاظتی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔