عظمیٰ خان نے توہین عدالت کیس کی جلد سماعت کیلئے ایک اور درخواست دائر کردی

فوری سماعت سے متعلق پہلی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مسترد کردی تھی، جس کے بعد دوبارہ عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔

August 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان نے ان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ توہین عدالت کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور ممکن ہو تو رواں یا آئندہ ہفتے اس پر سماعت کی جائے۔

درخواست گزار کے مطابق فوری سماعت سے متعلق پہلی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مسترد کردی تھی، جس کے بعد دوبارہ عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں طبیعت خراب ہو رہی ہے، اس لیے انہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔

عظمیٰ خان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جان بوجھ کر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 18 اگست کے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

درخواست گزار نے عدالت سے توہین عدالت کی درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور معاملے پر فوری کارروائی کی استدعا کی ہے۔