جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے: محسن نقوی

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور مختلف سرکلز کے انچارجز نے شرکت کی۔

August 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کی کارکردگی، انسانی اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی کے خلاف اقدامات اور زونل آفس کے اپ گریڈیشن منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث گروہوں کی مکمل چین کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے واضح نتائج سامنے آئیں۔ محسن نقوی نے افسران کو ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔

اجلاس میں ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے اپ گریڈیشن منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے افسران اور اہلکاروں کو ضروری وسائل اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز پر نصب پرانے کیمروں کو جدید کیمروں سے تبدیل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

شکایات کے اندراج کیلئے پاک آئی ڈی ایپ کی سہولت استعمال کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار مکمل کی جا چکی ہیں۔ اسی عرصے میں 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور مختلف سرکلز کے انچارجز نے شرکت کی۔